لاہور( لاہورنامہ) آل پاکستان لیبر فیڈریشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد حسین گجر نے کہا ہے کہ سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کے بغیر محنت کش اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہتے ہیں لہٰذا چاروں صوبوں کے سوشل سیکورٹی کے افسران اپنا قبلہ درست کریں اور محنت کشوں کی سو فیصد رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام صنعتی اداروں،نیم سرکاری اداروں، ہسپتالوں، ماربل سیکٹر، پاور لومز اور ہر چھوٹے بڑے یونٹس میں ٹھیکیداری نظام نافذ العمل ہے،ہمارے ہاں مالکان مزدوروں کو رجسٹرڈ کرانے سے ہچکچاتے ہیں نہ تو مزدوروں کو بھرتی لیٹر دیا جاتا ہے اورنہ ہی EOBI اور سوشل سیکورٹی میں رجسٹرڈ کراتے ہیں .
جس کی وجہ سے عام مزدور بڑھاپے کی پنشن، حادثے کی صورت میں معذوری یا زخمی ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولیات ، سالانہ بونس،پانچ فیصد چھٹیوں، ورکرز ویلفیئر بورڈ فنڈ کی مراعات سمیت دیگر قانونی مراعات سے محروم ہیں۔ آل پاکستان لیبر فیڈریشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد حسین گجر نے کہا کہ یوں تو ہر ادارے میں محنت کشوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے .
لیکن سوشل سیکورٹی میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہے،محنت کشوں کے مفادات سے وابستہ اداروں کے اعلیٰ افسران عملاً سرمایہ داروں کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں اور محنت کشوں کی سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کی راہ میں روکاوٹیں پیدا کرتے ہیں.
جس کے نتیجے میں محنت کشوں کی بڑی تعداد آج بھی سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن سے محروم ہیں اور یوں یہ محنت کش ورکرز ویلفیئر بورڈ کی مراعات سے بھی محروم رہتے ہیں۔