لاہور(لاہورنامہ) ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کے خلاف تفتیشی رپورٹ تیار کرلی،شہباز شریف سے 25 سوالات کیے، تاہم انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے مسلم لیگ(ن)کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے خلاف شوگر اور 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی تفتیشی رپورٹ تیار کرلی ہے، اور ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔
ایف آئی اے نے شہباز شریف سے 25 سوالات کیے، تاہم انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔ ان سے سوال کیا گیا کہ اربوں روپوں کی پراپرٹی کیسے بنائی، تو شہباز شریف کا جواب تھا میری بیگمات سے معلوم کریں۔
ان سے پوچھا کہ آپ کے کاروبار میں اضافہ کیسے ہوا اور مزید فیکٹریاں کیسے لگیں؟، تو ان کا جواب تھا کہ سلمان شہباز شریف سے پوچھیں۔ شہبازشریف سے سوال کیا کہ مہنگی ترین گاڑیاں خریدی گئیں، تو شہباز شریف کا جواب تھا میرے بھتیجوں سے معلوم کریں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ 25 ارب روپے اپ کے اور فیملی کے اکانٹس میں جمع ہوئے اور نکالے گئے۔ تو شہباز شریف کا جواب تھا اس حوالے سے میرے وکیل جواب دیں گے۔ تفتیشی ٹیم نے شہازشریف سے درخواست کی کہ سر آپ کچھ تو بتائیں۔
جس پر شہبازشریف نے جواب دیا کہ مسئلہ فلسطین بہت سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے سوال کیا کہ سر ان سوالات کا مسئلہ فلسطین سے کیا تعلق ہے۔ جس پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بہت گہرا تعلق ہے، میں ساری توجہ اس مسئلے کے حل پر لگا رہا ہوں اور آپ بار بار مجھ سے چینی اکاونٹ اور پراپرٹی کا پوچھ رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے شہبازشریف سے کی گئی تفتیش کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی ہے اور ڈی جی ایف آئی اے سمیت شہزاد اکبر کو بھی فراہم کر دی ہے، جب کہ ایف آئی اے یہ رپورٹ آج یا کل عدالت میں جمع کرا دے گی۔