فرخ حبیب

پاکستان میں کسی قسم کا میڈیا بحران نہیں ، اربوں روپے کے بقایا جات ادا کر دئے گئےفرخ حبیب

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی قسم کا میڈیا بحران نہیں ، میڈیا ہائوسز کو اربوں روپے کے بقایا جات ادا کر دئے گئے ہیں ،

میڈیا کو مزید فعال بنانے کے لئے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنائی جا رہی ہے اس میں وزارت کی 6اتھارٹیز کو ختم کر کے ایک اتھارٹی میں تبدیل کر دیا جائیگا۔جرنلسٹ اینڈ میڈیا ورکرز پروٹیکشن بل ملک بھر کے میڈیا ورکرز کے لئے وزیراعظم عمران خان کا عظیم تحفہ ہے ۔

انہوں نے میڈیا تنظیموں کے عہدیداران پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا وفد کی قیادت آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن(ایپنک) لوکل کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے ڈاکٹر محمد صدیق انظر کر رہے تھے .

وفد میں میڈیا ورکرز آرگنائزیشن ایم ڈبلیو او کے صدر کلیم شمیم ڈان یونین کے سابق صدر و جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو او راجہ جاوید خان جنگ ورکر یونین کے رہنما و چیئرمن میڈیا ورکرز آرگنائزیشن اظہر سلطان شامل تھے ۔

وفد نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات جناب فرخ حبیب کو ملک بھر کے میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات پر تفصیلی بریف کیا۔ وزیر مملکت نے جرنلسٹ میڈیا ورکرز پروٹیکشن بل اور میڈیا ڈیویلپمنٹ بل پر وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور اس کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ وفد نے اخبارات اور ٹی وی چینل میں ورکرز کی جبری برطرفیاں ، تنخواہوں کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر۔

ای او بی آئی کا عدم نفاذ، میڈیکل سہولتوں کی عدم فراہمی۔ آئی ٹی این ا ی کے فعال نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان بھر کے میڈیا ورکرز کے 12ہزار کیسوں کی عدم سماعت کے حوالے سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ان مشکلات سے سے غریب ورکرز ایک اذیت میں مبتلا ہیں، وفد نے پی آئی ڈی کی طرف سے اخبارات اور ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی تقسیم کے حوالے سے بھی بریف کیا ,

وزیر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ ان تمام مسائل پر وزیر اعظم سے بات چیت کر کے ان کا فوری طور پر مثبت حل نکالا جائیگا اور فوری طور پر ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔