کشمیری شہدا

یونیورسٹی آف لاہور میں کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

لاہور (لاہور نامہ) دی یونیورسٹی آف لاہور میں کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری حریت رہنما مشال حسین ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.

جبکہ تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف ، سابق رکن قومی اسمبلی ریحانہ ملک ،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز عمارہ اویس ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر مریم کیانی ، چیئرمین کشمیر کمیشن پاکستان رائے نواز کھرل ، ہیومن ایکٹوسٹ ظفر اقبال سندھو ،سی ای او پاکستان ہارٹ چلڈرن فائونڈیشن فرحان احمد سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کشمیر ی حریت رہنما مشال حسین ملک نے کہامیرا ایمان ہے کہ ایک دن کشمیر یوں کو ضرور آزادی ملے گی ۔ کشمیریوں پر جنتا مرضی ظلم کر لیا جائے انکے ارادوں کو کمزور نہیں کیا جا سکتا ۔

گزشتہ 70سال سے بھارت کشمیر میں ظلم کر رہا ہے لیکن کشمیریوں عوام کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ مودی حکومت نے 5اگست سے جو کشمیر میں لاک ڈائون لگا رکھا ہے اس پر عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

کشمیریوں کی سب سے زیادہ امیدیں پاکستان سے وابستہ ہیں ہمیں پاکستان کے علاوہ کوئی آزادی نہیں دلو ا سکتا۔مودی سرکار کشمیر میں سینکڑوں کے حساب سے مندر تعمیر کر رہی ہے اور ابتک 40لاکھ انڈین کو کشمیر ی شہریوںکے سرٹفکیٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔ وہاں مندروں کی تعمیرکے ساتھ 500 مساجد کو شہید کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا لیکن کشمیری عوام اس ناپاک منصوبے کو مکمل نہیں ہونے دیں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی زمین پر ہندوں کو قابض کیا جا رہا ہے،کشمیری تعلیمی اداروں اور سرکاری اداروں میں ہندوں کو نشستیں دی جارہی ہیں ۔کشمیر میں لائوڈ سپیکر بند کر دیے جاتے ہیں لیکن ایسی حرکتوں سے وہاں کے عوام مذہبی طور پر کمزور نہیں ہوتے بلکہ انکے عزائم اور ارادے آزادی کے حصول کے لیے مزید پختہ ہو تے جار ہے ہیں ۔

کشمیری بزدل نہیں کہ خود کشی کا سوچیں تاہم مودی سرکاری کشمیر میں ہماری نسل کشی کر رہی ہے ۔کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے کہ انڈیا کی طرف سے لاک ڈاون کے باعث پاکستان کا کیا کردار کیا ہوگا۔یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ پاکستان کو کشمیر سے پانی ملتا ہے اس لیے اگر کشمیر پر انڈیا پوری طرح قابض ہو گیا تو پاکستان پر بھی اسکے اثرات ہوں گے ۔

کشمیر ہی کی وجہ سے پاکستان ایٹمی قوت بنا ہے ۔کشمیر کے عوام اپنے ہی ملک میں مہاجر بن چکے ہیں ۔مودی سرکاری نے کشمیر کو منی انڈیا بنا دیا ہے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔ 1947سے ابتک لاکھوں افراد کو شہید کیا جا چکا ہے ۔

مودی آر ایس ایس کا پیرو کار ہے جس سے خیر کی توقع نہیں رکھی جا سکتی ۔مشال حسین نے ملک نے چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپکی یونیورسٹی سائوتھ ایشا میں ٹاپ کی یونیورسٹی ہے جہاں ٹاپ کلا س کی فیکلٹی ہے ۔ ا س ادارے کو کشمیر کی آزادی کے لیے استعمال کریں کیونکہ آپکے پاس فلم میکنگ اور ڈرامہ پروڈیوس کرنے کا پلیٹ فارم موجود ہے ۔

فلم اور ڈراموں کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جا سکتا ہے ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیئر مین اویس رئوف کا کہنا تھا کہ ہمارے دلوں میں کشمیر بستاہے کوئی بھی اسے پاکستان سے الگ نہیں کر سکتا ۔ایک دن پاکستان اور کشمیر ضرور ایک ہوں گے ۔پاکستانی قیادت کو کشمیر کی آزادی کے لیے جدو جہد تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے اور وہاں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو عالمی سطح پر بہترانداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔

چیئرمین اویس رئوف کا کہنا تھا کہ ہماری یونیورسٹی میں کشمیر کے سٹوڈنٹس زیر تعلیم تھے تو انکا کہنا تھا کہ بارڈر کے قریب قبرستان میں ہر دوسری قبر پاکستانی لڑکوں کی ہے جو کشمیر کی خاطر اپنی جانیں قربان کر چکے ۔جب ایسا جذبہ ہوگا تو کشمیر کی آزادی کو زیادہ دن تک نہیں روکا جا سکتا ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی اور مشال ملک کی والدہ ریحانہ حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کشمیر کی آزادی اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنی جدو جہد مزید تیز کرے ۔

کشمیر کے عوام مودی کے ظلم کا شکا ر ہیں اور اپنے ہی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔چیئرمین کشمیر کمیشن پاکستان رائے نواز کھرل کا تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑنے کوشاں ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح کشمیر کے معاملے پر موقف اپنایا ہے وہ اس سے پہلے کسی وزیر اعظم نے جرات نہیں کی ۔

دنیا بھر میں انڈیا کی جگ ہنسائی ہوئی ہے لیکن وہ ڈھیٹ بن کر کشمیر میں اپنے پائوں جما رہا ہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر مریم کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ جب کشمیر میں بھارتی ظلم کی داستانیں سامنے آتی ہیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے ۔

مودی سرکار کو اس دنیا میں ہی اس ظلم و جبر کا حساب دینا ہوگا ۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف نے کشمیری حریت ر ہنما مشال حسین ملک سمیت دیگر افراد کو یادگاری شیلڈ پیش کیں ۔