اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں درخت لگانے پر توجہ نہیں دی گئی، گلوبل وارمنگ سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے،
آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک پاکستان دینا چاہتے ہیں، ماضی میں درخت لگانے کے بجائے ان کو کاٹا گیا، گلوبل وارمنگ کیخلاف ہماری مہم کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
پیر کووزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں 10 بلین ٹری شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سالوں میں دس ارب درخت لگائیں گے۔ بدقسمتی سے دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں درخت بہت کم ہیں ہمارے ملک میں شجر کاری پر کسی نے توجہ نہیں دی اس کے بہت برے اثرات مرتب ہوں گے۔ موسم مزید گرم ہوتا جارہا ہے۔
ہم پاکستان کو ہرا کرکے ہی اس کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ درخت بارشوں میں اضافہ کرتے ہیں‘ آلودگی میں کمی اور گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہری علاقوں میں آلودگی بڑھتی جارہی ہے۔ درخت لگا کر ہی آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ تمام پاکستانی شجر کاری مہم کا حصہ بنیں اگر ایک پاکستانی بھی ایک ایک درخت لگائے تو انقلاب آجائے گا۔
اگر کسی کے پاس خالی جگہ ہے تو درخت لگائیں۔ گلوبل وارمنگ سے بچنے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کردی ہے کہ شہر کی ہر خالی جگہ پر درخت لگائیں تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو بہتر ملک دے کر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ہم نے جتنے درخت لگائے اس سے کہیں زیادہ انگریزوں نے لگائے تھے۔ ہم نے جنگلات میں اضافہ کرنے کی بجائے درختوں کو کاٹا دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کو پوری دنیا نے سراہا۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کی مہم میں پوری دنیا کو لیڈ کررہا ہے۔
شجرکاری افتتاحی مہم میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر داخلہ شیخ رشید‘ سینیٹر فیصل جاوید‘ وفاقی وزیر اسد عمر‘ وزیر مملکت زرتاج گل‘ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔