اسلام آباد(لاہورنامہ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچا ئوکی ویکسین سے متعلق کہا ہے کہ خوشی ہے کہ یومیہ 10 لاکھ ویکسین لگانے کا ہدف عبور کرلیا ہے۔
منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار 342 افراد نے ویکسین ڈوزز لگوائیں جس کے بعد ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا ویکسین کی مہم کا آغاز 6 ماہ قبل فروری سے ہوا تھا، پہلے مرحلے میں ہیلتھ کئیر کے شعبے سے منسلک افراد کو ویکسین لگائی گئی جس کے بعد مرحلہ وار ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث مزید 67 افراد انتقال کرگئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جا چکی ہے، پشاور اور راولپنڈی کی 35 فیصد، فیصل آباد 28 ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور سرگودھا کی 27 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے جبکہ کراچی کی 26 اور حیدرآباد کی 25 فیصدآبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے ایک بار پھر سے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناایس اوپیز پر عمل کریں اور جلد از جلد ویکسی نیشن کروائیں۔