لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اگر عالمی برادری نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ کیا تو اس کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہوں گے ،
موجودہ غیر معمولی صورتحال میں افغان امن عمل کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے ،افغانستان میں امن صرف پاکستان کی نہیں بلکہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے اور فریقین میں مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
افغانستان کے حالات کی وجہ سے خطے کی صورتحال دبائو کا شکار ہے اس لئے عالمی برادری حالات کو جلد سے جلد معمول پر لانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن افغانستان دنیا کے فائدے میںہے اس لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،عالمی برادری جانتی ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے ،
کچھ قوتیں الزام تراشی کرتی ہیں لیکن انہیں حالات کا ادراک کرنا چاہیے اور پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک پیج پر اور ہمہ وقت الرٹ ہیں اس لئے کسی کوغلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔