شادی بیاہ

ای سی ایل، کسی کو شادی بیاہ کے نام پر ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،

فیصل آباد (لاہورنامہ)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ جن لوگوں کے نام ای سی ایل لسٹ میں اور وہ سزا یافتہ ہیں انہیں کسی شادی بیاہ کے نام پر ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی.

پاکستان میں ان کیلئے شادی کرنے پر کوئی پابندی نہیں کیونکہ پہلے ہی ایک بیماری کا بہانہ کرکے ملک سے گیا اور آج تک واپس آنے کا نام نہیں لے رہالہذا اب دوسری کو کیسے جانے دیں ،

پی ڈی ایم باکس آفس پر بری طرح پٹ جانیوالی ڈبہ فلم اور استعفے و لانگ مارچ ماضی کا حصہ بن چکے اسلئے اب تمام توجہ آئندہ انتخابات اور انتخابی اصلاحات پر مرکوز کرنا ہوگی۔

ہفتہ کی دوپہر اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں مریم نواز کے بیٹے کی مسلم لیگ ن کے دور میں نیب کے چیئرمین و سابق سینیٹر سیف الرحمن کی بیٹی کے ساتھ لندن میں شادی کی تقریب میں مریم نوازکی شرکت کی اجازت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران صرف اقتدار پاکستان میں چاہتے ہیں مگر ان کی شادیاں ، ان کی عیاشیاں، ان کے کاروبار، ان کے بنگلے، ان کی جائیدادیں، ان کی رہائشیں، ان کی پڑھائی، ان کا رہن سہن سب کچھ لندن میں ہے جو اب پاکستان کی بجائے ان کا پہلا گھر بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں مریم نواز کے والد نواز شریف نااہل، سزا یافتہ اور ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیماری کا بہانہ کرکے ملک سے باہر چلے گئے اور اب واپس آنے کا نام نہیں لے رہے اسی طرح اگر سزا یافتہ مریم نواز کو بھی شادی کی آڑ میں باہر جانے دیا گیا تو وہ بھی وطن واپس نہیں آئیں گی لہذا ایک ملک میں غریب کیلئے الگ اور امیر کیلئے دو الگ الگ قانون نہیں چل سکتے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ شریف خاندان اور آل شریف کو پاکستان میں ہر قسم کی آزادی ہے انہیں یہاں شادی کرنے سے کس نے روکا ہے اسلئے اگر انہوں نے کوئی شادی کرنی ہے تو وہ پاکستان میں آکر کرلیں۔ انہوں نے پی ڈی ایم کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم باکس آفس پر بری طرح پٹ جانیوالی ڈبہ فلم اور استعفے و لانگ مارچ ماضی کا حصہ بن چکے لہذا اب تمام توجہ آئندہ انتخابات اور انتخابی اصلاحات پر مرکوز کرنا ہوگی۔