پتنگ بازی

لاہور ،پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، مزید 14ملزمان گرفتار

لاہور:کاہنہ کے علاقہ میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رکھتے ہوئے مزید 14ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے ڈور اور پتنگیں برآمد کرتے ہوئے مقدمات کا اندراج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کاہنہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 14پتنگ بازوں کو حراست میں لے کران کے قبضہ سے سینکڑوں پتنگیں اور ڈور و چرخیاں برآمد کر لیں۔ملزمان کے خلاف پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے کائیٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمات کا اندراج کرلیا۔
ادھر ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیرکی ہدایت پر پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔ آپریشنز ونگ نے گذ شتہ اڑھائی ماہ کے دوران1853 پتنگ باز کوگرفتار کیا۔پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف 1755مقدمات بھی درج کئے گئے۔سٹی ڈویژن سے347، کینٹ552، ماڈل ٹاؤن573،اقبال ٹاؤن 150،سول لائن84جبکہ صدر ڈویڑن سے 147پتنگ بازوں کو گرفتار کیاگیا۔مجموعی طور پر17144پتنگیں،629چرخیاں،871 پنی ڈور اور سینکڑوں کی تعداد میں ڈورگچھیاں بھی برآمدکی گئیں۔پولیس کی طرف سے مساجد میں اعلانات ، سوشل میڈیا ، اخبارات اور ٹی وی چینلزپر پیغامات کے ذریعے بھی شہریوں کو مسلسل آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے۔والدین بھی خونی کھیل کو روکنے اور اپنے بچوں کو بھی اس سے بازرکھنے میں پولیس کا ساتھ دیں۔