لاہور(لاہورنامہ)صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ لڑکی سے فون پر رابطہ کر کے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر متاثرہ لڑکی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں حکومت کا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہے۔ واقعے میں ملوث ملزمان قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کا واقعہ انتہائی شرمناک اور بہیمانہ فعل ہے۔
اسلامی اقدار کے حامل ہمارے مشرقی معاشرے میں خواتین عزت و احترام کے اعلی درجے پر ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں ماں، بہن اور بیٹی کی عزت سانجھی گردانی جاتی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ چند سو افراد کے قبیح فعل نے پورے معاشرے کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔
واقعے کی ایف آئی آر کاٹی جا چکی ہے، اور ویڈیو کی مدد سے ملوث ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی۔ حکومت ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے گی تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔