لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلی پنجاب کی دعوت پر تونسہ کے سرکاری اسکولوں کی طالبات نے لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا اور وزیراعلی سیکریٹریٹ آمد پر طالبات کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔
وزیراعلی سیکریٹریٹ میں طالبات کو مرکزی کمیٹی روم میں صوبائی وزرا اور سیکریٹریز کے لیے مخصوص نشستوں پر بٹھایا گیا۔ طالبات کو وزیراعلی آفس اور ڈرائنگ روم کا بھی دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبا و طالبات کو باقاعدگی سے مطالعاتی دورے پرلاہوربلایا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پسماندہ اضلاع کے سرکاری اسکولز کے طلبا و طالبات کو پہلے دعوت دی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تونسہ سے آنے والی طالبات میری بیٹیاں ہیں، مل کر خوشی ہوئی۔ تونسہ شہر میں سڑکیں اور پارکوں کی بحالی اور مرمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ تونسہ میں یونیورسٹی کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔
فورٹ منروکیڈٹ کالج کے ادھورے منصوبے کو ہم مکمل کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں بھرتی کے لئے مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔ طلبا و طالبات کے لیے رحمت اللعالمین سکالر شپ کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ خدمت کے جذبے کے ساتھ نیک نیتی سے عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں۔