مونس الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے لاہور میں ملاقات کی

لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی، تنقید کی پروا کئے بغیر ہم عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے،

پاکستان مسلم لیگ ہماری اتحادی ہے، اتحادی جماعت سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے، تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کی تیاری میں منتخب نمائندوں سے مشاورت کی گئی ہے، 360 ارب روپے کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ہر شہر میں یکساں ترقی ہوگی۔

وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے، ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے، وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے بے مثال ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کیا ہے۔