لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ خطے کی نازک صورتحال میں اپوزیشن کی سرگرمیاں کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں ،
اپوزیشن صرف اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے دوبارہ جلسے جلوسوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے جو اس کے اپنے گلے پڑے گی،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان موجودہ کڑے وقت میں بھی سر خرو ہو کر نکلے گا،کنٹونمنٹ بورڈزکے بلدیاتی انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے منفی بیانیے والوں کو یکسرمسترد کردیں گے ۔
ہمایوں اخترخان نے کہاکہ آج جب پوری دنیا افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے سوچ بچار میں مصروف ہے اور خطے کے حالات بالواسطہ یا بلاواسطہ پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں لیکن اپوزیشن قومی سیاست کی بجائے اپنی ذاتی سیاست کو پروان چڑھانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ۔ اپوزیشن والے جانتے ہیںکہ جب سے پی ڈی ایم کا وجود تشکیل پایا ہے اس نے سوائے ناکامیوں کے کچھ حاصل نہیں کیا اور اب بھی ان کی ناکامیاں کامیابیوں میں تبدیل نہیں ہوسکتیں ۔
پی ڈی ایم تیزی سے اس جانب گامزن ہے جو آنے والے وقتوں میں بھی اپوزیشن اتحادوں کیلئے عبرت کا نشان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ پاکستان ہرشعبے میں ترقی کی جانب گامزن ہے البتہ کرپشن کاکاروبا رکرنے والوں کیلئے شدید مندی کا رجحان ہے اوراب یہ دوبارہ کبھی عروج حاصل نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کے جوش وخروش سے واضح ہے کہ عوام حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ موجودہ حکومت اپنے عزم کے ساتھ ملک کی کشتی کو بھنور سے نکال کرلائی ہے۔