نیٹ ویئرز

نیٹ ویئرز کی ملکی برآمدات میں 11 فیصد اضافہ

اسلام آباد: رواں مالی سال 2018-19ءکے ابتدائی 7 مہینوں میں جولائی تا جنوری کے دوران نیٹ ویئرز کی ملکی برآمدات میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ جنوری 2019ءمیں نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 16 فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 10 فیصد اور بیڈ ویئرز کی قومی برآمدات میں 7 فید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران نیٹ ویئرز کی برآمدات 1548 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 11 فیصدکے اضافہ سے 1724 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اس طرح برآمدات میں 176 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے نتیجہ میں جنوری 2019ءکے دوران نیٹ ویئرز کی قومی برآمدات 16 فیصد کے نمایاں اضافہ سے 214ملین ڈالر کے مقابلہ میں 249 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، اسی طرح جنوری کے دوران ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں بھی 10 فیصد کا اضافہ ہونے سے برآمدات کا حجم 233 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 256 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ بیڈ ویئرز کی برآمدات بھی 7 فیصد کے اضافہ سے 181 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 193 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اقتصادی ماہرین نے کہاکہ روایتی مصنوعات کی بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مصنوعات کی تیاری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔