الخدمت فاؤنڈیشن

سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سے زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (لاہورنامہ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال سے زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز تہاور رانا کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور الخدمت کی ملک بھر میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال سمیت دیگر ذمہ داران بھی ملاقات میں موجو د تھے۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے وفد نے الخدمت کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور الخدمت کے فلاحی کاموں کو سراہا۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد اقبال، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن پاکستان سالانہ کروڑوں ضرورت مندوں کی خدمت کر رہی ہے۔ شاہد اقبال نے کہاکہ الخدمت اب تک کورونا سے متاثرہ لاکھوں خاندانوں کی مدد کر چکی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن اپنے سات پروگرامات کے ذریعے خدمت خلق کا فریضہ سرا نجام دے رہی ہے جن میں کفالت یتامی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صاف پانی، صحت عامہ، کمیونٹی سروسز، تعلیم اور مواخات شامل ہیں۔زکوۃ فاؤنڈیشن امریکہ کے ڈائریکٹر تہاور رانا نے الخدمت کے کفالت یتامی پروگرام خصوصاََ کووڈ 19 میں کیے گئے کام کو سراہا۔