لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری نے حکومت کے خلاف چیخ چیخ کر اپنے پھیپھڑے خراب کر لیے ہیں،بلاول زرداری کی تنقید کا حاصل وصول صفر جمع صفر، برابر صفر ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلاول زرداری نے پنجاب کے دورے کر کے یہاں کی باشعور عوام کو قائل کرنے کی ناکام کوششیں کی۔ حالات یہ ہیں کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں پیپلز پارٹی ایک بھی سیٹ نہ لے سکی۔پیپلز پارٹی کی ہر سیاسی کاوش کا نتیجہ صرف رسوائی اور جگ ہنسائی ہی نکلا۔
بلاول زرداری اور ان کے حواریوں نے سندھ کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں بدانتظامی،کرپشن اور نااہلی عروج پر ہے۔ بزدار حکومت کی کارکردگی تمام صوبوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ بلاول زرداری آپ کو اجڑا ہوا کراچی اور تباہ حال سندھ نظر نہیں آتا۔سردار عثمان بزدار کے دور میں پنجاب کے ہرضلع میں یکساں ترقی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ کو بے دردی سے لوٹنے والے یہ عناصر دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ بلاول زرداری کی دال پنجاب میں نہ گلی ہے اور نہ ہی آئندہ گلے گی۔ بلاول زرداری اس باپ کا بیٹا ہے جسے پاکستان کا بچہ بچہ مسٹر 10 پرسنٹ سے جانتاہے۔ مسٹر 10پرسنٹ اوران کا پورا ٹبر کرپشن کی بہتی گنگا میں اشنان کرتا رہا ہے۔