فیاض الحسن چوہان

نون لیگ کی جنوبی پنجاب کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں بیکار جائیں گی،فیاض الحسن چوہان

لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجا ب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز سب کو اپنی طرح احمقوں کی جنت کے باسی سمجھتے ہیں،جنوبی پنجاب میں حمزہ شہباز کو ترقی ہوتی دیکھ کر شرمندگی تو ہوئی ہو گی،آج کا جنوبی پنجاب صوبے کے دوسرے علاقوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزدار حکومت نے وسائل کی منصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب کو انکا جائز حق دیا ہے۔ شریف خاندان ایک موٹروے بنا کر عوام پر احسان جتاتے نہیں تھکتا۔ شریف خاندان کا ہر میگا منصوبہ کرپشن کی غضب اور منفرد کہانی ہے۔ ساڑھے سترہ ہزار ارب کے آڈٹ پیراز پر ابھی تک میں شوباز شریف کے جواب کا منتظر ہوں۔ حمزہ شہباز بتائیں 8 سال پہلے ان کے والد نے تیں گنا مہنگی سڑکیں کیسے بنائیں۔ سیلاب کے فنڈز کھانے پر ہی تو شریف خاندان کو عالمی قذاق کہا گیا تھا۔حمزہ شہباز ڈھٹائی میں بالکل اپنے آبا ئو اجداد پر گئے ہیں۔ نواز شریف انہی فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں جنہیں ماننے سے وہ انکار کرتے تھے۔ (ن) لیگ کی جنوبی پنجاب کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں بیکار جائیں گی۔