اسلام آباد (لاہورنامہ)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کو بنیادی حقوق کے تحفظ کی فراہمی اور خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے بچوں کو خاص توجہ کی ضرورت ہے،
ہمارے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بہترین نمونہ ہمارے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش کیا جو ہمیشہ بچوں کے ساتھ حسن سلوک اور شفقت سے پیش آتے تھے، تعلیم ، صحت اور سیکیورٹی جیسے بنیادی حقوق کی فراہمی ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
انہوں کہا کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کو دنیا کے دیگر ممالک کی طرح بہت سے سماجی و معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے، ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے نفاذ سے ہمارے ملک کے تعلیمی نظام میں رنگ و نسل کا خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں بچوں کے حقوق کے قومی کمیشن (این سی آر سی) کے زیر اہتمام "اسٹریٹجک پلاننگ مشاورتی ورکشاپ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
این سی آر سی کے قیام کے لیے موجودہ حکومت کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ این سی آر سی کو با اختیار بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کمیشن ملک بھر میں بچوں کی حفاظت کے لیے پالیسیوں کی یکسانیت کے لیے پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہمارے معاشرے میں بچوں کو درپیش چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور پارلیمنٹ نے بچوں کو ہر قسم کی ہراسانی سے بچانے کے لیے زینب الرٹ رسپانس اور ریکوری ایکٹ 2020 جیسی قانون سازی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ تمام بچوں بالخصوص بے سہارا اور ضرورت مند بچوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کے لیے ماہانہ وظائف مقرر کیے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت کے اس اقدم سے سکول سے باہر 25 ملین بچوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی ہو گی اور خواندگی کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ چیئرپرسن این سی آر سی محترمہ افشاں تحسین نے شرکاء کو این سی آر سی کی بنیادی اقدامات اور معاشرے میں بچوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ این سی آر سی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پالیسیاں بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ملک بھر کے تمام صوبوں سے مشاورت اور رہنمائی بھی حاصل کی جائے گی۔انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا شکریہ ادا کیا۔