میاں ذکر اللہ مجاہد

نااہل حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو مہنگائی میں ڈبو دیا ، میاں ذکر اللہ مجاہد

لاہور(لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔

ملک میں تبدیلی کے دعویدار وں نے عوام دشمن اور غریب کش پالیسیوں سے ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔ گذشتہ تین مہینوں میں 8مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں 31روپے کا اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس،ادویات، آٹا، چینی، گھی سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔

مہنگائی کی شرح 14 فیصد سے تجاویز کرچکی ہے۔کمرتوڑ مہنگائی سے تنگ عوام فاقے اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکی ہے۔ تبدیلی سرکار نے عوا م کو دلفریب نعروں اور وعدوں سے دھوکہ دیا ہے۔ موجودہ نااہل حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان کی معیشت نہیں چل سکتی ہے اور نہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل سکتا ہے۔

تحریک انصاف کے ووٹر اور سپورٹر بھی اب ملک بھر میں عوا م شمن پالیسیوں،بے تحاشہ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ وحدت روڈ پر جماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام پٹرول، ڈیز ل، بجلی، گیس، آٹا، چینی سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں جے آئی یوتھ غربی لاہور کے نوجوانوں سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد، سیکرٹری غربی لاہور غلام حسین بلوچ،صدر جے آئی یوتھ غربی لاہور رضوان یوسف، چوہدری عبدالقیوم گجر سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے پوری قوم تنگ آچکی ہے۔حکومت کی جانب سے عوام پر مسلسل پٹرول، بجلی، گیس اور مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں جن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو گا کہ پیٹرول کے بم گرانے کے بعد پاکستان کا دیگر ممالک سے تقابلی جائزہ کیا جاتا ہے جوباعث شرم اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں لوگ کورونا، ڈینگی اور قاتل مہنگائی سے مررہے ہیں حکمران غفلت کی نیند سوئے آئی ایم ایف کی غلامی میں عوام کا معاشی قتل کررہے ہیں۔ایسے میں جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اب نااہل حکومت کے خلاف گھروں سے باہر نکلیں اورجماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔ جب تک ملک میں امانت و دیانت والی قیادت برسر اقتدار نہیں آئے گی ملک و قوم کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔