اعجازچوہدری

باشعور عوام جیالوں ،متوالوں کی قیادت کی "و ارداتوں "سے اچھی طرح آگاہ ہیں، اعجازچوہدری

لاہور( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر سینیٹر اعجازاحمدچوہدری اور مرکزی رہنماوحلقہ این اے133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صورت میں ملک میں پہلی حکومت آئی ہے جس نے وسائل کارخ اپنے گھرانوں ،حواریوں اور طاقتور طبقات کی بجائے عام عوام کی جانب موڑاہے .

سابقہ حکومت نے بجلی پیدا کرنے کے ایسے معاہدے کئے ہیں جس کے تحت پاور پلانٹس بجلی کی پیداوار کریں یا نہ کریں حکومت نے پیداواری استطاعت کے مطابق ادائیگی کرنی ہے اور اس مد میں آٹھ سالوں میں 2500 ارب روپے کی ادائیگی ہونی ہے،عوام باشعور ہو چکے ہیں اوروہ جیالوں اور متوالوں کی قیادت کی ”وارداتوں ”سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اسدکھوکھر،چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ،شبیر سیال اور دیگر بھی موجودتھے۔ مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان بھی کیا جبکہ مختلف اکابرین نے بھی تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔

اعجاز احمدچوہدری اور جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ کرپشن کاکاروبار بند ہونے اور سیاسی طو رپر بیروزگار ہونے کے بعد پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ(ن) کی قیادت اوران کے حواریوں کا کل سرمایہ منفی پراپیگنڈا ہے اوراس پر اوور ٹائم لگایا جارہا ہے ۔ہم نے کبھی یہ دعویٰ نہیںکیا کہ ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں بلکہ قوم کوہمیشہ سچ اورحقیقت بتائی ہے کہ حکومت سابقہ ادوار کے بیگاڑ کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کومضبوط کررہی ہے اورانشااللہ وہ وقت دور نہیں جب اس کے ثمرات تمام طبقات تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ،لوٹ مار کاخاتمہ اورنظام میں شفافیت لاناموجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے اوریہی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں بتدریج کمی ہو رہی ہے انشا اللہ رواں ہفتے سے مستحق گھرانوں کو اشیائے خوردونوش کیلئے سبسڈی کی فراہمی کا بھی آغازہوجائے گا۔