عظمی بخاری

پنجاب بھر میں سٹریٹ کرائم اور چوری کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ،عظمی بخاری

لاہور(لاہورنامہ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہاہے کہ پنجاب جل رہا تھا اور وٹس ایپ وزیراعلی چھپ کر سی ایم ہائوس کے بیسمنٹ میں بیٹھے تھے.

عثمان بزدار اور شیخ رشید کا مذہبی جماعت سے مذاکرات اور معاہدے میں کوئی کردار نہیں تھا،حالات خراب ہوتے رہے لیکن عثمان بزدار کو ہوش نہیں آئی کہ پنجاب میں آگ لگ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیخ رشید جو ٹارزن بنے پھر رہے تھے انکو ملاقات تک میں نہیں بیٹھایا گیا، دو نالائق بیٹھ کر ایک دوسرے کی تعریفیں کررہے ہیں،ان کو آج شہدا کے گھروں میں جانا چاہیے تھا۔

پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کا اندازہ پولیس کی ویب سائٹ پڑھ کر لگایا جا سکتا ہے۔پنجاب میں سٹریٹ کرائم،ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔عمران خان کب تک اپنی ناقص حکمت عملی کا ملبہ پنجاب پولیس کی اعلی قیادت پر ڈالتے رہیں گے۔شہید پولیس اہلکاروں کا خون ناحق ان نالائقوں کے ہاتھوں پر ہے،ہر سانحے پر آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو تبدیل کرنے سے تبدیلی نہیں آسکتی۔بیوروکریسی کے تبادلے عمران خان کا پسندیدہ مشغلہ بن چکے ہیں۔