لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ عوام وقت آنے پر قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والی اپوزیشن کا کڑامحاسبہ کریں گے.
ووٹ کوعزت دو کا نعرہ تولگایا جاتا ہے لیکن تحریک انصاف کو ووٹ کے ذریعے ملنے والا پانچ سال کا مینڈیٹ آپ کوہضم نہیں ہو رہا،جس طرح وزیر اعظم عمران خان دیگر چیلنجز سے کامیابی سے نبرد آزما ہوئے ہیں انشا اللہ اسی طرح مہنگائی پر بھی جلد قا بو لیا جائے گا۔
ہمایوں اخترخان نے کہاکہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ملک جن گھمبیر مشکلات سے دوچار ہوا کیا اس کی ذمہ دار تین سال سے اقتدارمیں آئی ہوئی تحریک انصاف کی حکومت ہے ؟، اپوزیشن والے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے کیونکہ عوام اب باشعور ہیں اور وہ ماضی کی حکومتوں کی نام نہاد ترقی کے دعوئوں سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن کے مفادات کی نوعیت ایک ہی طرح کی ہے اس لئے انہیں ایک دوسرے کا کندھا استعمال کرنا پڑتاہے اور حالیہ ملاقاتیں بھی اس کی کڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اورانتخابی عمل میں شفافیت چاہتی ہے تو میں نہ مانوں کی رٹ چھوڑ کر انتخابی اصلاحات کے عمل کومکمل کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ بیٹھے اوراپنی مثبت تجاویزدے۔ عوام صرف حکومت کی کارکردگی نہیں جانچ رہے بلکہ وہ اپوزیشن کے کرداربھی کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اورعام انتخابات میں اپنابہترین فیصلہ سنائیں گے۔