لاہور(لاہور نامہ) لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 328 ریکارڈ کیا گیا۔پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ تیزی سے پھیلنے لگے۔
شہر لاہور بدستور سموگ کی لپیٹ میں ہے جبکہ فصلوں کی باقیات کو جلائے جانے کے واقعات بھی کنٹرول نہ ہوسکے۔ گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپور، ملتان، چشتیاں اور وہاڑی سمیت دیگر علاقوں میں فصلوں کو جلایا جانے لگا۔ امریکی ادارے ناسا نے فصلوں کو جلائے جانے کی سٹلائیٹ ایمجز جاری کر دیے۔پنجاب میں فضائی آلودگی کی فہرست میں 409 اے کیو آئی کیساتھ رائیونڈ سرفہرست، ساہیوال 376 کیساتھ دوسرے اور گوجرانوالہ 375 اے کیو آئی کیساتھ تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا۔
لاہور کے علاقے اپر مال 434، ماڈل ٹان میں 432، انارکلی بازار 398، بحریہ آرچرڈ 376، کینال روڈ پر 352 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جبکہ والٹن روڈ 463، ڈی ایچ اے 460، پنجاب یونیورسٹی 453 اور فتح گڑھ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 450 تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔