مریم اورنگزیب

نوازشریف اور مریم کی بے گناہی روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آ باد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور اس کے منتخب وزیراعظم نواز شریف کے خلاف گھنانی سازش اور اس میں ملوث کرداروں کو ایک ایک کر کے اللہ تعالی بے نقاب فرما رہا ہے۔

انہوں نے کہا سابق چیف جج گلگت بلتستان کا یہ مصدقہ حلف نامہ اس مذموم جرم کے خلاف گواہی ہے۔جس کے بعد قائد محمد نوازشریف اور مریم نواز کی بے گناہی روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی ہے۔ سازشی کرداروں کو کٹہرے میں لایاجائے، سزائیں دی جائیں، بے گناہوں کو بلاتاخیر انصاف دیا جائے۔

یہ سازش صرف نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے خلاف ہوئی۔ انہوں نے کہا جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی حق گوئی، جج ارشد ملک مرحوم کے اعتراف اور اب سابق چیف جج گلگت بلتستان کا بیان حلفی سامنے آنے کے بعد قائد محمد نوازشریف اور مریم نواز کی سزا برقرار رہنے کا کوئی قانونی، اخلاقی اور منطقی جواز نہیں رہا۔انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، سزائیں ختم کی جائیں۔