فاروق آباد(لاہورنامہ)موٹروے ایم 2 پر دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ موٹر وے ایم 2پر کالاشاہ کاکو انٹر چینج کے قریب دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 17 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹر وے حکام کے مطابق حادثات موٹروے اورلاہورروڈ پر خان پور نہر اپر چناب کے قریب ہوئے، حادثات شدید دھند کے باعث پیش آئے، اطلاع ملنے پر فوری امدادی کارروائیاں کیں گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ حادثے کے باعث کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوئیں، ٹریفک معطل ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں بھی لگ گئیں۔
شدید زخمی مسافروں میں 7 افراد کو ڈی ایچ کیو شیخوپورہ، 8 افراد کو ٹی ایچ کیو مریدکے جبکہ 2 افراد کو جناح ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔حکام نے موٹر وے پر سفر کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری طور پر موٹروے کا سفر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 130 پر کال کریں۔