لاہور(لاہورنامہ)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعت عظمی بخاری نے کہاہے کہ دھرنوں اور میوزیکل شوز کی پیداوار جماعت کس منہ سے پی ڈی ایم کے مارچ کی مخالفت کررہی ہے،پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومتی ترجمان باولے ہوچکے ہیں.
کنٹینر اور بریانی آفر کرنے والا وزیراعظم آج لانگ مارچ کے اعلان سے خوفزدہ ہے،عمران نیازی صاحب کنٹینر تیار رکھیں ،اب لانگ مارچ بھی ہوگا اور دھرنہ بھی ہوگا۔عظمیٰ بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا جب لاہور پانی میں تیر رہا ہوتا تھا اسوقت عوام کا خادم اعلی عوام کے درمیان ہوتا تھا۔
جب لاہور کا لکشمی چوک ڈوب رہا تھا عمران خان اس وقت کنٹینر پر کھڑا ارسطو پاٹ ٹو بن رہا تھا۔پرچی ترجمان میڈیا پر آنے سے پہلے حقائق چیک کرلیا کریں،لکشمی چوک کا نکاسی آب منصوبہ شہباز شریف کا ہی ہے۔عمران اور بزدار تین سالوں سے نواز اور شہباز کے منصوبوں پر تختیاں اور دوبارہ افتتاحی فیتے کاٹ رہے ہیں۔شہبازشریف کے لمبے بوٹ اس لیے انکو ناپسند ہیں کیونکہ وہ ہر مشکل میں عوام کے درمیان ہوتے تھے۔پانچ سال دو فسادی کزنوں نے ملک بھر کی سڑکوں پر دھرنے دیے۔
عمران خان اور طاہر القادری نے کفن کے ساتھ ساتھ ڈی چوک میں قبریں بھی کھودوادی تھیں۔ایک کزن اپنی دیہاڑی لگاکر کینیڈا فرار ہوگیا دوسرا کزن قوم کی بوٹیاں نوچ رہا ہے۔پاکستان کے عوام مافیاز ازم کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔اوپر سے لے کر نیچے تک ہر جگہ مافیا غریب کی جیب پر ڈاکے مار رہا ہے۔تبدیل قوم کو اتنی ہی مہنگی پڑ چکی ہے جتنا” سلطنت روم کو نیرو” جیسا نالائق حکمران پڑا تھا۔آج پاکستان میں بھی غریب کا چولہا ٹھنڈا پڑچکا ہے اشرافیہ تکہ بوٹی اور کوفتے اڑارہی ہے۔تبدیلی اور مافیازکے کسی کارندے کو بھاگنے نہیں دینگے سب کو ایک ایک چوری کا حساب دینا ہوگا۔