گورنر پنجاب

گورنر پنجاب کی دورہ ترکی کے دوران اقوام متحدہ کے سابق صدر سے ملاقا ت

لاہور(لاہورنامہ) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے دورہ ترکی کے دوران اقوام متحدہ کے سابق صدر والکن بازکر سے ملاقا ت کی اور والکن بازکر کو چوہدری محمدسرور نے افغانستان میں امن کے قیام کے حوالے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کیے جانیوالے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا اور کشمیری عوام پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانیوالے مظالم کے حوالے حقائق سے بھی آگاہ کیا ہے ۔

ملاقات میں اقوا م متحدہ کے سابق صدر والکن بازکر نے کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور افغانستان میں امن واستحکام کے لیے کردار اداکر نے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ہمیشہ سے امن اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہا ہے اور امن ہی پوری دنیا میں ترقی کی ضمانت ہے ۔

ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی حکومت اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے بدترین محاصرہ کو 855دن ہوچکے ہیں اور بھارتی افواج بے گناہ کشمیریوں کو نہ صرف گر فتار کر رہی ہے بلکہ انکا ماورائے عدالتی قتل بھی کیا جارہا ہے اور کشمیر ی عوام کو بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں پر جاری مظالم کو ختم کر وانے اور اپنی قرار داوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کاحل ، مضبوط او ر مستحکم افغانستان وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ تمام عالمی طاقتیں بھی اپنا کردار اد ا کر یں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے قیام کے لیے کیے جانیوالے تمام اقدامات کی وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بھر پور سپورٹ کر یگا اور پاکستان ہمیشہ سے امن کے لئے سب سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ امن سے ہی خطے اور دنیا میں ترقی اور خوشحالی کا راستہ نکلے گا ۔