کراچی (لاہورنامہ)ڈرامے ”پری زاد” کی اکیسویں قسط کو چند گھنٹوں میں یوٹیوب پر پچاس لاکھ سے زائد ویوز مل گئے۔ ڈرامہ سیریل پری زاد کا مداحوں کے دلوں پر راج برقرار ہے۔
ڈرامہ سیریل نے ریٹنگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ پری زاد کی اکیسویں قسط میں پری زاد کی مداح عینی کا راز کھل کے سامنے آگیا ہے۔ عینی کا کردار یمنیٰ زیدی نبھا رہی ہیں۔جہاں عینی کے نابینا ہونے کے راز نے پری زاد کو حیران کیا ہے وہیں مداح بھی ڈرامے کے اس نئے موڑ پر اچھنبھے میں ہیں ۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پری زاد کی زندگی اب کیا نیا موڑ لے گی۔نجی ٹی وی پر نشر کیے جانے والا منفرد ڈرامہ ‘پری زاد’ اپنی کاسٹ اور مضبوط کہانی کی وجہ سے اس وقت سب سے داد موصول کر رہا ہے۔ڈرامہ سیریل پری زاد ہاشم ندیم کے ناول پر مبنی ہے اور اس ڈرامے کا مرکزی کردار، پری زاد اداکار احمد علی اکبر نبھا رہے ہیں۔
اس کردار پر مداحوں کی طرف سے ان کو خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ یہ ایسا ڈرامہ ہے جس میں ہمارے معاشرے کے ان پہلوؤں اور افراد کی ذات کی عکاسی کی گئی ہے جنھیں ہمارے ارد گرد کے لوگ آسانی سے قبول نہیں کرتے۔ پری زاد ایک ایسے نوجوان کی کہانی ہے جسے رنگ کالا ہونے کی وجہ سے یہ معاشرہ قبول نہیں کرتا۔
اسے زندگی کے ہر قدم پر دھتکارا جا رہا ہے۔پری زاد کے کردار کے علاوہ احمد علی کی اداکاری کو بھی لوگوں کی طرف سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جس باریکی، مہارت اور خوبصورتی سے احمد علی اس کردار کو نبھا رہے ہیں وہ منفرد اور اپنی مثال آپ ہے۔