لاہور (لاہورنامہ) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کے لیے ایپکالاہور ڈویژن نے بھرپور احتجاج کیااور لاہور سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا۔ زراعت ہاؤس لاہور سے احتجاج کی قیادت چوہدری فرمائش علی سندھو،صدر ایپکا زراعت ہاؤس نے کی۔
احتجاج میں زراعت ہاؤس لاہور کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد عباس، سینئر نائب صدر چوہدری محمد اعظم گجر، ملک نثار اعوان، چوہدری عبدالجبار اور دیگر عہدیداران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر فرمائش علی سندھو نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سرکاری ملازمین کا جینا مشکل ہو چکاہے۔موجودہ تنخواہوں میں گزارہ کرنا ناممکن ہو گیاہے اور ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر ے تاکہ ملازمین سکھ کا سانس لے سکیں۔ دھرنے سے چوہدری محمد عباس اور چوہدری محمد اعظم گجر نے بھی خطاب کیا اور حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ ملازمین کے جائز مطالبات پر فوری عمل کیا جائے۔