مریم اورنگزیب

قوم مہنگائی سے مررہی ہے لیکن اس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مریم اورنگزیب

لاہور (لاہورنامہ) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ سو فیصد مہنگائی کرکے تیس فیصد رعایت کا جھوٹ سنگین مذاق ہے، قوم مہنگائی سے مررہی ہے لیکن اس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ سو فیصد مہنگائی کرکے تیس فیصد رعایت کا جھوٹ سنگین مذاق ہے۔ قوم مہنگائی سے مررہی ہے لیکن اس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ دوا تین سے سات سو ہوجائے لیکن عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ چینی باون سے ایک سو بیس روپے کلو‘ آٹا پنتیس سے اسی روپے ہوجائے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عمران خان کا کچن کوئی اور چلاتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈالر ایک سو چوبیس سے ایک سو اسی تک چلا جائے لیکن کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آٹے میں ساڑھے چار سو اور چینی میں پانچ سو ارب ڈاکہ پڑ جائے تو عمران کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ملک کا قرض اور ادائیگیوں کا مجموعی طور پر پچاس ہزار چار سو چوراسی ارب سے بڑھ چکا ہے۔ عمران خان سے ایک ہی رعایت چاہئے کہ قوم کی جان چھوڑ دے۔ عمران خان استعفیٰ دیں گے تو عوام کو فرق ضرور محسوس ہوگا عوام کو عمران خان کے استعفے سے نجات مل جائے گی۔