لاہور(لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کے نوٹس پر ساہیوال پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے گذشتہ ہفتے اغواء ہونے والے بھائی بہن کو بحفاظت بازیاب کروالیا ہے۔7دسمبر کو چیچہ وطنی بلاک 10کے قریب اکیڈمی سے ٹیوشن پڑھ کر آنے کے والے بہن بھائی لائبہ قیوم اور معظم قیوم کو زبر دستی اغوا کر لیا تھا۔پولیس نے تھانہ سٹی چیچہ وطنی میں مقدمہ درج کیا۔
ڈی پی او ساہیوال صادق بلوچ نے مغویان کی بازیابی کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں۔پولیس ٹیموں نے سائنٹیفک طریقہ تفتیش کو اپناتے ہو ئے د ونوں بچوں لائبہ قیوم بعمر 15سال، معظم قیوم بعمر 14سال کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ واقعہ میں ملوث ایک مرکزی ملزم سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق مغوی بچوں کے چچا نے ملزمان کی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی جس رنج کی بنا پر ملزمان نے دونوں بچوں کو اغوا کرکے انتقامی کاروائی کی۔ بچوں کے والدین نے پولیس ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ساہیوال پولیس کا شکریہ ادا کیا۔