لاہور(لاہورنامہ)وفاقی وزیر توانائی حماداظہر نے کہا ہے کہ ایل این جی گھریلوصارفین کو دیں گے تو بل 10 گنا بڑھ جائیں گے،پاکستان میں گیس کے ذخائرمیں سالانہ9فیصدکی کمی آرہی ہے .
موجودہ حکومت جب سے آئی ہے گیس ذخائر میں25فیصدکمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ درآمدگیس مہنگی پڑتی ہے جو 2500روپے تک کی پڑے گی ،ہمارے اپنے گیس کے ذخائر سے میسر گیس 300روپے ایم ایم بی ٹی یوپڑتی ہے ،اگر ایل این جی گھر یلوصارفین کو دیں گے تو بل10 گنا بڑھ جائیں گے۔
حماداظہر نے کہا کہ پوری دنیامیں ایل این جی کی قلت ہے ،یورپ کو قطرکی جانب سے کوئی بھی کارگو نہیں بھیجاگیا جبکہ پاکستان کوقطرکی جانب سے ایل این جی کی فراہمی جاری ہے۔پاکستان میں28 فیصدایسے علاقے ہیں جہاں24گھنٹے گیس آرہی ہے ،ڈومیسٹک علاقوں میں گیس کنکشن میں10فیصد ہر سال اضافہ ہورہاہے ،ہم نے کہاتھاہرممکن کوشش کریں گے کہ تین وقت گیس فراہم کی جائے ،ہم روٹیشن پالیسی کی طرف جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ انڈسٹریز کو کہہ رہے ہیں کہ گیس ایک دن کے ناغے سے دیں گے ،یہ پہلا سال ہے کہ فرٹیلائزر کمپنیز کو بھی گیس فراہم کی جارہی ہے ،انڈسٹریزکوگیس بندش کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناعی آگیا ،اب انڈسٹریز کی گیس روک کر گھریلو صارفین کو کیسے دیں۔