چوہدری سرور

پاکستان دنیا میں امن کیلئے فرنٹ لائن پر کام کر رہاہے ، چوہدری سرور

لاہور( لاہورنامہ)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وزیر اعظم عمران خان کو ”سفیر امن ”قراردیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سمیت پورے خطے اور دنیا میں امن کیلئے پاکستان فر نٹ لائن پر کام کر رہا ہے.

دنیا کا افغانستان کو نظر انداز کر نا تباہی کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا ‘امریکہ سمیت یورپی ممالک کو بھی افغانستان کیساتھ کھڑا ہونا ہوگا، سعودی عرب کا افغانستان کیلئے 1ارب ریال کی امداد کا اعلان خوش آئند ہے ‘اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے ۔

وہ گور نر ہائوس لاہور میں تحر یک انصاف سپین کے چیئر مین مہر جمشیداور صدر پاکستان تحر یک انصاف سپین شیرازبھٹی کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفداور ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے حقیقی معنوں میں مثالی کردار اداکیا ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں افغانستان میں بدقسمتی سے ہرگزرتے دن کیساتھ معاشی اورعوامی مسائل میں بدتر ین اضافہ ہورہا ہے .

ان حالات میں دنیا کو چاہیے وہ بغیرکسی شرائط کے افغانستان کی امداد کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرے اگر افغانستان میں حالات خراب ہوںگے تو اس کے صرف پاکستان یا خطے پر نہیں پوری دنیا پراثرات پڑ یں گے ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے اور اس میزبانی کے ذریعے پاکستان نے ایک بار پھر آگے بڑھ کر افغانستان میں امن واستحکام کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے .

سعودی حکومت کا افغانستان کے لیے امداد کا اعلان خوش آئند ہے پاکستان بھی افغانستان کی مالی امداد کیلئے اپنا کردار اداکرتا رہے گا۔اورسیز پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی اداروں میں اصلاحات اور مضبوطی کے لیے حکومت کام کر رہی ہے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے پنجاب میں حکومت نے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر نے کا وعدہ پوراکرتے ہوئے پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام دیدیا ہے .

جس سے عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گاجمہوریت مضبوط ہوگی اور عوام کے مسائل انکے گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ گو ر نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی اور استحکام میں اورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے تحر یک انصاف نے اورسیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دینے کا وعدہ پورا کر دیا ہے اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لیے وفاقی اور پنجاب حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔