اسلام آباد : رواں مالی سال 2018-19ءکے پہلے 7 ماہ جولائی تا جنوری کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 10 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران قومی درآمدات میں 5 فیصد کی کمی جبکہ برآمدات میں 2 فیصد کے اضافہ سے تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 2018-19ءکے دوران قومی درآمدات 32 ہزار 495 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2017-18 ءکے دوران درآمدات کا حجم 34 ہزار 265 ملین ڈالر رہا تھا اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران ملکی درآمدات میں 5 فیصد یعنی 1770 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ملکی برآمدات 2 فیصد کے اضافہ سے 12 ہزار 941 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 13ہزار 231 ملن ڈالر تک بڑھ گئیں اس طرح برآمدات کے حجم میں 290 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 مہینوں کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 21 ہزار 323 ملین ڈالر تھا جو جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 19 ہزار 264 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جس سے ملک کے تجارتی خسارہ میں 2 ہزار 59 ملین ڈالر یعنی 10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
Load/Hide Comments