اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کیلئے زمینی و ہوائی روابط کا موثر ہونا ناگزیر ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ،وزارتِ خارجہ میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن وسط ایشیا کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر ہوا بازی سرور خان، مشیر تجارت رزاق داؤد سمیت اہم شخصیات نے اجلاس میں شرکت کی ، دوران اجلاس وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ زمینی و ہوائی روابط کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کیلئے زمینی و ہوائی روابط کا موثر ہونا، ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ”وژن وسط ایشیا، کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے کوشاں ہیں۔