لاہور(لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک پولیس کو مزید متحرک اور فعال بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران واہلکار جو کام نہیں کرنا چاہتے انہیں فیلڈ سے ہٹا یا جائے اورسخت ایکشن لیا جائے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپر وائزی افسران خود سڑکوں پر نظرآئیں،کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ راؤ سردا رعلی خان نے کہاکہ نکمے، نا اہل اور کرپٹ افسران واہلکاروں کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹاتے ہوئے ان کا سخت احتساب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کو شاباش جبکہ نکمے اور کام چور افسران واہلکاروں کی سخت سرزنش کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ مؤثر کوارڈی نیشن سے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات یقینی بنائیں اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کی آگاہی بارے آگاہی مہم میں تیزی لائی جائے۔
راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران مری کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے اور مری کی شاہراہوں پرشہریوں کو پیش آنے والی کسی بھی پریشانی کی صورت میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بارشوں کے موسم میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی مدد کیلئے ٹریفک وارڈنز مزید تندہی سے فرائض سر انجام دیں۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد،ملتان اور گوجرانوالہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے سپیشل پلان مرتب کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ٹریفک مینجمنٹ کا نظام بہتر بنانے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب اور سی ٹی او لاہور کوجاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر میں شہریوں کو لائسنس کے حصول کیلئے ترغیب دی جائے اور آگاہی مہم میں تیزی لائی جائے جبکہ ٹریفک وارڈنز کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے معاملات صرف اور صرف میرٹ اور شفافیت پر کیے جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ بڑے سکولز، تعلیمی اداروں اور دفاتر کے باہر آمد و روانگی کے اوقات میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے جامع حکمت اپنائی جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے ڈرائیونگ لائسنس اجراء کا طریقہ کار جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید آسان بنایاجائے اور لاہور ٹریفک پولیس کی طرز پر صوبے کے دیگر شہروں میں بھی ڈرائیونگ لائسنس اجراء بارے ہفتہ وار مہم چلائی جائے۔