اسلام آباد(لاہورنامہ) مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ان کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگیا.
حکومت اپنی نالائقی اور نااہلی پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے، وزیراعظم کے پاس سوائے تقریروں کے کچھ نہیں، سانحہ مری کے دوران انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی، آئی ایم ایف پاکستان میں سخت ترین شرائط نافذ کر رہا ہے، اسٹیٹ بینک قانون کے بعد پاکستان غلام ملک بن جائے گا۔
بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہے، وزیراعظم خوشحالی کی جانب جا رہے ہیں، عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ان کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، حکومت اپنی نالائقی اور نااہلی پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے، قائداعظم نے ہمیں انگریز سے آزادی دلائی، عمران نیازی ہمیں انگریز کا غلام بنانے جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج قوم خاموش رہی تو اس کی سزا آنیوالے سالوں میں غلامی کی صورت میں ادا کرنی پڑے گی، قائداعظم نے اسٹیٹ بینک کو مالیاتی خود مختاری کی علامت قرار دیا تھا،
آئی ایم ایف کا وائسرائے کراچی میں بٹھانے کی تیاری ہو رہی ہے، پاکستان کیساتھ جو تباہی ہونے جا رہی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی نااہلی ہے.