لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ جیل ملازمین کی چھٹیوں کے نام پر رشوت ستانی ناقابلِ برداشت ہے،قوائد و ضوابط کے مطابق چھٹیوں میں رکاوٹ پر سخت ایکشن لیا جائے گا.
فیاض الحسن چوہان نے آئی جی پرزنز کو اس ضمن میں فوری نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی ،نوٹیفیکیشن جیل خانہ جات کے ہر ملازم تک پہنچایا جائے۔ان خیالات کااظہارصوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ آئندہ جیل ملازمین کی جائز چھٹیوں میں رکاوٹ پر متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جواب دہ ہو گا۔ اجلاس میں پرزنز فائونڈیشن کے حوالے سے اہم اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ 514 حوالاتیوں کو متعلقہ بار کے تعاون سے مفت قانونی امداد دی جا چکی ہے۔ اس حوالے سے تمام جیلوں میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سہولیاتی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔
جیلوں میں پی سی او کا ٹائم فی ہفتہ بیس منٹ سے بڑھا کر آدھا گھنٹہ کر دیا گیا ہے۔ کینٹینوں پر اشیا کی مہنگے داموں فروخت کی روک تھام کے لیے تمام جیلوں میں خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ اس ضمن میں تمام جیلوں کی بیرکس میں فلیکسز اور ریٹ لسٹیں آویزاں کی گئی ہیں۔ماضی میں پرزنز فانڈیشن کو اس کی استعداد کے مطابق استعمال نہیں کیا گیا۔
وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار محکمہ جیل خانہ جات میں بہترین اقدامات کے بانی ہیں۔پنجاب کی جیلوں کی سولرائزیشن حکومت کی کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے۔ وزیرِ اعلی پنجاب کے پرزنز ڈیپارٹمنٹ کے لیے انقلابی اقدامات تاقیامت یاد رکھے جائیں گے۔گزشتہ حکومتوں نے ستر سال سے جیل خانہ جات سے لاوارثوں جیسا سلوک کیا۔ جیل ملازمین اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کا سفر پوری تںدہی سے جاری رکھیں گے۔