لاہور(لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم کنٹرول اور شہریوں کی سہولت کیلئے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم کی بیخ کنی اور تفتیش کے عمل کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران عوامی مسائل کے ازالے اور انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے آئی ٹی اصلاحات سے سروس ڈلیوری کو آسان بنائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ تمام اضلاع میں انچارج آئی ٹی سیل اور فوکل پرسنز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ٹریننگ کروائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے صوبے کے تما م آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ پنجاب پولیس کی ٹیکنالوجی بیسڈ اصلاحات پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے بغیر جدید پولیسنگ کا تصور ممکن نہیں، پنجاب پولیس اپنے ورکنگ سسٹم کو ماڈرن ٹیکنالوجی پر استوار کرنے پر فوکس کر رہی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ تھانوں کی سطح پر مانیٹرنگ نظام اور ورکنگ امور ڈیزائن کردہ سافٹ وئیرز کے مطابق سر انجام دیے جائیں اورتمام سپروائزری افسران پنجاب پولیس کی آئی ٹی ایپلی کیشنزاور جدید سافٹ وئیرز کے استعمال کو اپنا شعار بنائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں آئی ٹی اصلاحات کے متعلق ہونے والے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس، انکی اپ گریڈیشن سمیت دیگرپیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
دوران اجلاس آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب پولیس سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق کرائم کنٹرول اور پبلک سروس ڈلیوری کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی لارہی ہے جس کی بدولت سماج دشمن عناصر کی خاتمے کے ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون کی فضا بھی بہتر ہورہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ تفتیش کے معیار میں بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور فرانزک سائنس کے استعمال کویقینی بنایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ شہریوں سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں پولیس کی موبائل ایپلی کیشنز کو اپ گریڈ اور آسان بنایا جائے اورویمن سیفٹی ایپ، خدمت مرکز ایپ،ٹورسٹ فیسی لیٹیشن ایپ، ڈرائیونگ لائسنس ایپ سمیت دیگر ایپلی کیشنز کی تشہیر ی مہم میں تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین انہیں ڈاؤن لوڈ کرکے مستفید ہوسکیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی آئی ٹی اقبال دارا، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر افسران موجود تھے۔