عطا اللہ تارڑ

نیب ترامیم سے ہم کوئی فائدہ نہیں لینا چاہتے، یہ این آر او ہے ، عطا اللہ تارڑ

لاہور( لاہورنامہ)مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز نے بریت کی درخواست واپس لے لی ہے، حمزہ شہباز نیب کی دونوں ترامیم کا فائدہ نہیں لینا چاہتے، یہ ترامیم حکومت نے اپنے فائدے کے لیے کروائی ہیں.

یہ این آر او ہے اور ہم اس این آر او کا حصہ نہیں بنیں گے،ہم سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، شہزاد اکبر نالائق اکبر ہے، عنقریب فارغ ہونے والے ہیں اوران کی جگہ ایک شخص انٹرویو بھی دے چکا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت انتقام کی سیاست کر رہی ہے ،

حمزہ شہباز 2 سال پابند سلاسل رہے ،رمضان شوگر مل کیس میں ثابت کریں گے ہمارا کوئی کردار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مری سانحے سے متعلق اسمبلی کا اجلاس ہماری ریکوزیشن پر بلایا گیا ہے ،یہ انتہا کا ظلم ہے چند افراد کو او ایس ڈی بنا کر اصل ذمہ داران کو چھوڑ دیا گیا ،ہم سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، مطالبہ ہے اصل ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سکون کی نیند سو رہے تھے اورمری میں لوگ ٹھٹھر کر مر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نالائق اکبر ہے، تین سال سے ناکام ہورہا ہے، سر توڑ کوشش کر رہا ہے کسی طرح شہباز شریف کو گرفتار کروا دے ،ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کی پریس کانفرنس کرتا ہے لیکن ثبوت کوئی عدالت میں پیش نہیں کرتا ،شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں ان کی جگہ ایک شخص انٹرویو بھی دے چکا ہے۔