حمزہ شہباز

حمزہ شہباز کا نیب ترمیمی آرڈیننس سے استفادہ نہ کرنے کا فیصلہ، درخواست واپس لے لی

لاہور( لاہورنامہ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے رمضان شوگرمل ریفرنس میں نیب ترمیمی آرڈیننس سے استفادہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بریت کی درخواست واپس لے لی۔

حمزہ شہباز کی جانب سے بریت کی درخواست واپس لیتے ہوئے کہا گیا یہ فیصلہ وکلاء کا تھا، میں میرٹ پربریت کی درخواست کرنا چاہتا ہوں ، ترمیمی آرڈیننس کے تحت کوئی فائدہ نہیں چاہتا۔حمزہ شہباز نے عدالت میں کہا کہ اللہ اوراس عدالت پرمکمل اعتماد ہے انشاللہ میرٹ پرکیس جیتوں گا ، میں اپنی درخواست واپس لیتا ہوں۔احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کر لی ۔

کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔عدالت نے سماعت 27 جنوری تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حمزہ شہبازشریف کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔شہباز شریف ،حمزہ شہباز او ردیگر کے خلاف آشیانہ اقبال اور منی لانڈرنگ ریفرنسزکی بھی سماعت ہوئی۔

عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے گواہوں پر جرح کرنے کا حکم دیدیا۔آشیانہ ریفرنس میںشہباز شریف کے شریک ملزمان بلال قدوائی اور امتیاز حیدر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ۔احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور عدالت کے اطراف کے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند رکھا گیا۔