احسن اقبال

جھوٹ اور دروغ گوئی کرنے والے حکمران شرم سے عاری ہیں، احسن اقبال

قلعہ احمد آباد(لاہورنامہ)سابق وفاقی وزیر داخلہ و مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا ہے کہ جھوٹ اور دروغ گوئی کرنے والے حکمران شرم سے عاری ہو چکے ہیں، عوام مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں اور سلیکٹڈ ٹولے کے ترجمان اور وزراء کہتے ہیں کہ کھانے پینے کی اشیاء جلد ہی سستی ہونا شروع ہو جائیں گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ریاست مدینہ قرضوں، خیرات اور چندے پر نہیں چلتی تھی۔ ہمارے خان صاحب کو ابھی تک یہ سمجھ نہیں آئی کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا ہے یا چین یا ترکی کا ماڈل اپنانا ہے۔ عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبونے والوں کا عوام ایسا احتساب کرینگے کہ پھر کسی کو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور جھوٹ بولنے کی جرات نہیں ہو گی۔

اس موقع پر معروف شاعر، ادیب، کالم نگار اور صحافی محمد زاہد صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اشیائ خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ مہنگائی میں پسی عوام سکھ کا سانس لے سکے لیکن موجودہ حکمرانوں سے ایسی توقع لگانا بہت بڑی حماقت ہے۔ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) دوبارہ اقتدار میں آ کر ان کے پھیلائے ہوئے گند کو نہ صرف صاف کرے گی بلکہ ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن بھی کرے گی۔