اسلام آباد (لاہورنامہ)سینیٹ سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کے بعد پی ڈی ایم نے غیر حاضر سینیٹرز سے جواب طلبی پر غور شروع کردیا ہے۔
سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خاصے برہم ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے بل کی منظوری کے بعد پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں سے بات کی ہے اور اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اکثریت کے باوجود سینیٹ سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری اپوزیشن کی ناکامی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے غیر حاضر اراکین سے جواب طلبی کی جائے۔ جس کے بعد مشاہد حسین سید، طلحہ محمود اور نزہت صادق سمیت دیگر سینیٹرز کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بل کی منظوری پر مولانا فضل الرحمان پاکستان پیپلز پارٹی پر اس کے مشکوک کردار پر بھی ناراض ہیں۔(ن) لیگ نے سینیٹ میں شکست کی ذمہ داری بطور اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر ڈال دی ہے جب کہ پارلیمنٹ کے اندر پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کا تعاون ختم کرنے کی بھی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کو حکومت پر برتری حاصل ہے لیکن اس کے باوجود گزشتہ روز حکومت نے اسٹیٹ بینک خود مختاری بل منظور کرالیا۔