لاہور (لاہورنامہ) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ہمدان ایبک پولو کپ 2022ء کے پہلے دن ری ماؤنٹساور اولمپیاء کی ٹیمیں فاتح رہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہورپولو کلب میں سیزن کے پہلے ہائی گول ایونٹ کے میچز دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی اچھی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، سیکرٹری آغا مرتضی علی خان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز اور پولو کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
پہلے میچ میں ری ماؤنٹس کی ٹیم نے ڈی ایس پولو /رضویز کو 8-5.5 سے ہرا دیا۔ ری ماؤنٹس کی طرف سے صائمن پراڈو نے پانچ، نکو رابرٹس، ممتاز عباس نیازی اور عمران شاہد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی ڈی ایس پولو /رضویز کی طرف سے حسام علی حیدر، عمر اسجد ملہی اور سید اون محمد رضوی نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ اڑھائی گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔
دوسرے میچ میں اولمپیاء کی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد ڈائمنڈ پینٹس کو 6-4 سے ہرا دیا۔ اولمپیاء کی طرف سے عبدالرحمان منوں نے تین، احمد زبیر بٹ نے دو جبکہ راجہ سمیع اللہ نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے دو، احمد علی ٹوانہ اور میر حذیفہ احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ آج بروزبدھ دوپہر ایک بجے ڈی ایس پولو /رضویز کا مقابلہ باڑیز سے جبکہ دوپہر دو بجے ڈائمنڈ پینٹس کا مقابلہ ایف جی پولو سے ہوگا۔