عمران خان

وزیر اعظم عمران خان جمعرات کو چین کے لیے روانہ ہوں گے

بیجنگ (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 3 سے 6 فروری 2022 تک چین کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔چینی میڈ یا کے مطا بق ایک عالمی ایونٹ کے طور پر، اولمپک گیمز دنیا کے لوگوں کے درمیان باہمی تفہیم اور دوستی کو فروغ دیتے ہیں۔

بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما دونوں ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بن جائے گا۔ یہ بات انتہائی قابل تعریف ہے کہ چینی حکومت نے کووڈ-۱۹ کی وباکے باوجود سرمائی اولمپک کھیلوں کے انعقاد کے لیے محتاط انتظامات کیے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران، اہم چینی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔