اسلام آبا د(لاہورنامہ)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون تھا، ہے اور رہے گا،مقبوضہ جموں و کشمیر میں ،90 کی تاریخ آج پھر دہرائی جا رہی ہے.
نہتے کشمیریوں کو سرچ اینڈ کوارڈن آپریشن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، معصوم کشمیریوں، عورتوں، بچوں کو بہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان، نہتے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا، رواں سال بھی ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کریں گے۔
یوم یکجہتی ء کشمیر کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پانچ فروری کو اس سال بھی ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 1990 میں جب نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے تو پاکستان نے عالمی برادری کو باور کروایا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آپ نے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ ایک وعدہ کیا تھا،جو ابھی تک ایفا نہیں ہو سکا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں اس حوالے سے موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی، ان کو فیصلے کا اختیار دیا جائے گا اور ان کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ،90 کی تاریخ آج پھر دہرائی جا رہی ہے، نہتے کشمیریوں کو سرچ اینڈ کوارڈن آپریشن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے انہیں ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ معصوم کشمیریوں، عورتوں، بچوں کو بہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم 5 فروری کو اظہار یکجہتی کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ اس حق خود ارادیت کی جدوجہد میں، شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان، نہتے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے بنیادی حقوق کی پائمالیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نہ تنہا تھے اور نہ تنہا ہیں، 5 فروری کو انشاء اللہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریگی۔