سید خادم عباس

وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایت پر قونصلرسروسز تشکیل دے دی ہے، سید خادم عباس

لاہور (لاہورنامہ)کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید خادم عباس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر سنٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلرسروسز تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس کے تحت قونصلر سروسز میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجزاء قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ویز ا سروسز، شہریت کی تصدیق، ایمر جنسی سفری دستاویزات کا اجزاء سمیت بہت سی خدمات شامل ہیں.

جو پوری دنیا میں پاکستانی سفارتخانے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تسلسل کے ساتھ فراہم کر رہے ہیں۔ کمشنر او پی سی نے مزید کہا کہ او پی سی پنجاب میں اوورسیز پاکستانیوں کو مہیاکی جانے والی خدمات کو سنٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز کے اجلاس میں بہت سرایا گیا اور دیگر صوبوں کو او پی سی پنجاب ماڈل اپنا نے کی ہدایت کی گئی۔اس ضمن میں قونصلر سروسز کی بہترفراہمی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کے مابین قریبی رابطوں کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہارکمشنر او پی سی نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے دفتر میں آفیسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس امتیاز احمد علی ڈائریکٹر ایڈمن تنویر ماجد، ڈائریکٹر لیگل راجہ زبیر،ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ذولفقار بھون اور دیگر ڈیلنگ آفیسران بھی شریک تھے۔

اُنہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے ویژن کی روشنی میں قونصلر سروسز کے حوالے سے بہت سی مثبت تبدیلیاں متعارف بھی کروائی گئی جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف ملے گا۔اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز کا پہلا باقاعدہ اجلاس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں بیرون ملک پاکستانی سفیروں کے علاوہ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، وفاقی سیکرٹری وزرات قانون وانصاف، چیئرمین نادراودیگر وزارتوں کے سینئیر آفیسران اورچیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری خیبر پختون خواہ بھی شریک تھے۔

اجلاس کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر سروسز کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اُنہوں نے مزیدبتایا کہ حکومتی ہدایت پربیرون ممالک متعین سفیر اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے بروقت ازالے کیلئے نا صرف باقاعدگی کے ساتھ ”ای کچہریاں“ منعقد کررہے ہیں بلکہ اُن کی سہولت کیلئے ”پاور آف اٹارنیز“ کی تصدیق کو آن لائن بھی بنادیا گیا ہے اس کے علاوہ پاکستانی سفارتخانوں میں نادار کے قائم کاؤنٹرز بھی تارکین وطن کو سروسز فراہم کر رہے ہیں۔