اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے.
جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن وسلامتی کے قیام کیلئے تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ حل ضروری ہے،بامعنی اور نتیجہ خیز ربط وتعلق استوار کرنے کے لئے سازگار ماحول تشکیل دینے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو خط لکھا جس میں وزیر خارجہ نے انہیں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے خط میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، ماورائے عدالت اور جعلی مقابلوں میں شہادتوں کی حالیہ لہر کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین ،اقوام متحدہ کے منشور اورچوتھے جنیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن وسلامتی کے قیام کے لئے تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بامعنی اور نتیجہ خیز ربط وتعلق استوار کرنے کے لئے سازگار ماحول تشکیل دینے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے۔