لاہور :سیشن عدالت نے دو سالہ بچہ باپ سے بازیاب کروا کر ماں کے حوالے کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج رائے نواز مارتھ کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ کوٹ لکھپت کی رہائشی کرن شہزادی نے اپنا بچہ سابقہ خاوند محمد رمضان سے واپس لینے کے لئے حبس بیجا کا کیس دائر کیا تھا۔
عدلت کے حکم پر 2 سالہ بچے کو باپ سے بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ درخواست گزار خاتون نے موقف اختیار کیا کہ گالیاں دینا اور تشدد کرنا خاوند کا معمول تھا۔ خاوند نے تشدد کر کے گھر سے نکال دیا۔ میں اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تھی جس پر اس سے خلع لے کر الگ ہو گئی لیکن سابقہ خاوند نے بچہ زبردستی چھین لیا اور آٹھ ماہ سے بچے کو اپنے پاس رکھا ہوا ہے اور ملنے بھی نہیں دیتا۔ میں اپنے بچے کی پرورش صحیح انداز میں کر سکتی ہوں۔
خاتون درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت اس کا بچہ اس کے حوالے کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد بچہ ماں کے حوالے کر دیا۔ بچہ ملنے پر ماں خوشی سے نہال ہو گئی اور بچے کو بے ساختہ چومتی اور پیار کرتی رہی اور کہا کہ آج ہی میرے بیٹے کی سالگرہ بھی ہے اور بچہ واپس ملنے پر میری خوشی دگنی ہو گئی ہے۔