لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری شہداکو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیامیں پائیدار امن و ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا.
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ 5اگست 2019کے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیوں، عالمی قانون کی خلاف ورزیوںپر جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے .
سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر حل کرایا جائے ، انہوں نے کہا کہ آج کا دن اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنی قانونی، جمہوری اور انسانی ذمہ داریاں پوری کریں، یوم یکجہتی کشمیر پاکستانی عوام کے جموں وکشمیر کے اپنے بھائیوں بہنوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا دن ہے، جموں وکشمیر کے عوام نے استصواب رائے کے حق کے حصول اور بھارتی قبضے سے نجات کے لئے تاریخی جدوجہد کی ہے، نسل درنسل کشمیریوں کی شہادتیں ان کے آزادی سے کم کچھ نہ قبول کرنے کے آہنی عزم کا مظہر ہیں.
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری شہداکو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، عوام کی حقیقی قیادت کو ان کی ثابت قدمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں فلسطین اور جموں وکشمیر کے تنازعات اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے لئے دوبڑے چیلنج ہیں دیرینہ ترین تنازعات کے حل تک اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد پورے نہیں ہوں گے اقوام متحدہ کو اپنی ساکھ کی بحالی کے لئے جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا منصفانہ حل یقینی بنانا ہوگا۔